• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہارورڈ یونیورسٹی کے صدر کو طلبہ کا ایک منٹ تک کھڑے ہوکر خراج تحسین

کراچی (نیوز ڈیسک) ہارورڈ یونیورسٹی کے صدر ایلن گاربر نے تقریبِ تقسیم اسناد میں طلبہ سے یک جہتی کا اظہار کیا، جس پر انہیں طلبہ کی جانب سے کھڑے ہو کر پرتپاک انداز میں تالیاں بجا کر داد دی گئی۔ ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف جاری قانونی جنگ کے بالواسطہ ذکر پر طلبہ اور دیگر شرکا نے ایک منٹ تک کھڑے ہو کر صدر ایلن گاربر کو گرم جوشی سے سراہا اور تالیاں بجاکر انہیں داد دی۔ اس موقع پر مقرر ڈاکٹر ابراہم ورگیز نے ہارورڈ اور اس کے طلبہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جرات کے ساتھ اس یونیورسٹی اور اس قوم کی اقدار کا دفاع کیا ہے، کوئی بھی حالیہ واقعہ آپ کی یا آپ کی اسناد کی اہمیت کو کم نہیں کرسکتا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی میں تقریبِ تقسیمِ اسناد کا اہتمام کیا گیا۔ خیال رہے کہ رواں سال جامعہ میں تقریبِ تقسیم اسناد کا اہتمام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کی جانب سے جامعہ پر عائد پابندیوں کے ساتھ ہوا، جس کے خلاف صدر ایلن گاربر نے قانونی لڑائی جاری رکھی ہوئی ہے۔
اہم خبریں سے مزید