• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرمی کی شدت، غیر معیاری مشروبات کی فروخت بڑھ گئی، گلے کے امراض میں اضافہ

کراچی ( بابر علی اعوان/ اسٹاف رپورٹر) گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ شہر میں غیر معیار ی مشروبات کی فروخت بڑھ گئی ہے جس سے گلے کےامراض بڑھ رہے ہیں ۔ ماہرین صحت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ بازاری، غیر معیاری و ناقص مشروبات کا استعمال ترک کریں بصورت دیگر وہ گلے کے امراض میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔ جناح اسپتال کے شعبہ امراض ناک کان وحلق پروفیسر محمد رزاق ڈوگر نے جنگ کو بتایا کہ گرمی شروع ہوتے ہی جناح اسپتال میں گلے کے امراض میں مبتلا افرادمیں اضافہ ہوگیا ہےکیونکہ لوگ شہر میں فروخت ہونے والے غیر معیاری مشروبات استعمال کررہے ہیں جن میں کیمیکل اورناقص شکرین ہوتی ہے، پانی بھی صاف استعمال نہیں کیا جاتا، جو برف استعما ل کی جاتی ہے وہ بھی صاف پانی کی نہیں ہوتی، جسے پینے سے گلے میں خارش ہوتی ہے پھر یہ سوزش کی شکل اختیار کر جاتی ہے اس کے بعد گلہ خراب ہوجاتا ہے، آواز بیٹھ جاتی ہے، کھانسی شروع ہوجاتی ہے، جس سے بخار اور نزلہ بھی ہو جاتا ہے جبکہ گلے میں ٹانسز کے مریضوں کو سر اورجوڑوں کا درد بھی ہوتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ گرمی کی شدت کے ساتھ گلے کے مریضوں میں مذید اضافہ ہوتا جائے گا،اس لئے عوام کو چاہیے کہ ان غیرمعیاری مشروبات سمیت دیگر کولڈ ڈرنکس بھی استعمال نہ کریں بلکہ گھر کے مشروبات استعمال کریں اور ٹھنڈے پانی کے استعمال سے بھی گریز کریں۔ سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ای این ٹی سرجن ڈاکٹر سید خالد بخاری کا کہنا تھا کہ سول اسپتال کراچی میں گلے کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے جن کی ایک وجہ شدید گرمی میں زیادہ ٹھنڈے غیر معیاری مشروبات بھی ہیں ، ویسے تو پورے سال ہی غیر معیاری مشروبات فروخت ہوتے ہیں لیکن گرمی میں زیادہ مسئلہ بنتا ہے کیونکہ لوگ زیادہ مشروبات استعمال کرتے ہیں، ان غیرمعیار ی مشروبات میں نہ جانے کیا کیا ملایا ہوتا ہے جس کو چیک نہیں کیا جاتا اس کے لئے کوالٹی کنٹرول ہونا چاہیے اور ہوٹلوں میں پانی بھی صاف نہیں ہوتا جس سے پورا معاشرہ متاثر ہوتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید