• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت جلد ادویات پر کیو آر کوڈ متعارف کرارہی ہے، مصطفیٰ کمال

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وزارت سنبھالنے کے بعد میں نے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وزرائے صحت سے خود رابطہ کیا جس پر مثبت ردعمل ملا اور آج صوبوں کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ادویات سے متعلق دو بڑے مسائل ہیں جعلی ادویات اور دکانداروں کی من مانی قیمتیں۔ حکومت جلد ادویات پر کیو آر کوڈ متعارف کرا رہی ہے جس سے صارفین موبائل کے ذریعے دوا کی اصلیت کی تصدیق کر سکیں گے۔ یہ نظام ایک سے ڈیڑھ ماہ میں لانچ کر دیا جائے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جیو کے پروگرام ’’جرگہ‘‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا ہے کہ ادویات کی قیمتیں کنٹرول میں ہیں تاہم ادویہ ساز کمپنیوں کو شکوہ ہے کہ انہیں عالمی مارکیٹ کے مطابق نرخ نہیں دیئے جا رہے جو کسی حد تک درست بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نگراں حکومت کے دور میں تقریباً 150 ادویات کو ڈی ریگولرائز کیا گیا جبکہ 500 کے قریب ادویات ایسی ہیں جنہیں حکومت ریگولیٹ کرتی ہے۔ ان کی قیمتوں میں اضافے کی درخواستیں دو سے ڈھائی سال سے زیر التوا ہیں۔ بعض کمپنیوں نے عدالت سے رجوع کرکے قیمتیں بڑھوائیں اور وہی قیمتیں اب مارکیٹ میں وصول کی جا رہی ہیں جبکہ میزبان سلیم صافی نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں زیادہ تر سیاسی معاملات کو زیر بحث لایا جاتا ہے جبکہ تعلیم اور صحت کو مکمل طو رپر نظر انداز کر دیا جاتا ہے اسی وجہ سے یہاں تعلیم کی حالت ابتر ہے اور بیماریوں کی شرح بھی دنیا کے مقابلے میں زیادہ ہے ۔
اہم خبریں سے مزید