• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی ساحلی علاقے ماحولیاتی بگاڑ جیسے خطرات سے دوچار، وزیر بحری امور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے بحری امور، محمد جنید انوار چوہدری نے بحری معیشت کے فروغ اور بندرگاہوں پر ماحولیاتی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے میری ٹائم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قیام کا اعلان کیاہے ۔پاکستان بزنس کونسل فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے چیلنجز خصوصاً گلوبل ساؤتھ میں، پائیدار ترقی کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساحلی علاقے سمندری سطح کے بلند ہونے، شدید موسمی حالات اور ماحولیاتی بگاڑ جیسے خطرات سے دوچار ہیں، جس کے پیش نظر ایک مخصوص پلیٹ فارم کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔جنید چوہدری نے بتایا کہ میری ٹائم چیمبر نہ صرف بندرگاہوں، شپنگ، لاجسٹکس، ماہی گیری اور سمندری خدمات جیسے شعبوں کو یکجا کرے گا بلکہ سرمایہ کاری، جدت، اور پائیداری پر مبنی ترقی کو فروغ دے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ چیمبر بندرگاہوں پر ماحولیاتی تحفظ، سبز ٹیکنالوجیز کے فروغ اور کاربن کے اخراج میں کمی جیسے اقدامات کو ترجیح دے گا۔
اہم خبریں سے مزید