کرناٹکا فلم چیمبر آف کامرس نے کہا کہ اداکار کمل ہاسن کی آئندہ ماہ کے اوائل میں ریلیز ہونے والی فلم ٹھگ لائف کو انکے کھلے عام 30 مئی تک معافی مانگنے تک کرناٹک میں ریلیز کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔
کے ایف سی سی نے مزید کہا کہ کمل ہاسن 30 مئی تک کھلے عام کناڈا زبان کے بارے میں اپنے متنازع بیان پر معافی مانگیں۔
کے ایف سی سی کے صدر ایم نرسمہالو نے جمعرات کو انڈسٹری کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایک اجلاس کے بعد میڈیا رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر کے عہدیدار کوشش کر رہے ہیں کہ کمل ہاسن سے ملاقات کر کے ان سے بات چیت کی جائے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ بہت سے کناڈا بولنے والے گروپس مطالبہ کر رہے ہیں کہ انکی مووی پر پابندی لگائی جائے، جس پر ہم نے میٹنگ میں اس پر بحث کے بعد فیصلہ کیا کہ کمل ہاسن کو معافی مانگنی چاہیے، ہمارا اس بات پر اتفاق ہے کہ انھوں نے غلط کیا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے71 سالہ تامل اور ہندی فلموں کے سینئر اداکار اور سیاستداں کمل ہاسن نے حال ہی میں اپنی آئندہ آنیوالی فلم ٹھگ لائف کی پروموشن ایونٹ کے دوران ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ کناڈا زبان تامل زبان کے اندر سے پیدا ہوئی ہے۔
انکے اس بیان کے نتیجے میں کناڈا بولنے والے گروپوں اور ثقافتی تنظیموں میں بڑے پیمانے پر اشتعال پھیل گیا ہے۔