کراچی(جنگ نیوز) اقرا یونیورسٹی نے اپنے چھٹے سالانہ بجٹ پالیسی سیشن کا انعقاد کیا، جس کا عنوان "معاشی منظرنامہ اور بجٹ 2025-26 کی توقعات: پوسٹ تنازعاتی منظرنامے کے تحت" تھا۔ یہ تقریب پاکستان کے معاشی چیلنجز اور خطے کے حالات کے تناظر میں منعقد ہوئی، جس میں ماہرین نے مستحکم معاشی ترقی کے لیے اصلاحات پر زور دیا۔تقریب یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس میں منعقد ہوئی۔ سیشن میں ممتاز معاشی ماہرین بشمول شبر زیدی، ڈاکٹر میاں زاہد حسین، عبدالقادر میمن، انجینئر ایم اے جبار، اور مجید عزیز بالاگاموالہ نے شرکت کی۔ سیشن کی نظامت محمد یاسر نے کی، تقریب کا مقصد آنے والے وفاقی بجٹ اور مالیاتی رجحانات کے اثرات کا جائزہ لینا تھا۔ بزنس ایڈمنسٹریشن کے ڈین ڈاکٹر ذکی راشدی نے افتتاحی خطاب میں معاشی مسائل کی سنگینی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم معاشی استحکام کے ایک نازک موڑ پر ہیں... تنازعاتی صورتحال میں ہم استحکام کیسے حاصل کریں گے؟" انہوں نے فوری معاشی مسائل اور طویل مدتی پائیداری کے لیے عملی مالیاتی حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔