کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 15جون سے شہر میں پلاسٹک کی تھیلیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔ میئر کراچی نے متنبہ کیا کہ جو ٹھیکے دار سڑکیں معیارکے مطابق تعمیر نہیں کریں گے انہیںبلیک لسٹ کردیا جائے گا اور اگر کے ایم سی افسر ملوث پائے گئے تو انہیں پہلے معطل اور پھر نوکری سے برخاست کردیا جائے گا، ،اورنگی ٹائون کے عوام کو بہترین رنگ روڈ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔ وہ ہفتے کو یہاں اورنگی ٹاؤن میں 4باغات شہید عامر بھٹو فیملی پارک،مسجد خضراپارک، معراج نبی پارک،رحمت چوک پارک اور ناظم آباد میں ایک سڑک کا افتتاح کررہے تھے۔اس موقع پر ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد اور دیگر بھی موجود تھے۔سڑک کے افتتاح پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر نے کہا کہ ہماری بنیادی ذمے داری ہے کہ عوامی مسائل حل کریں،۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ شہر چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے، کراچی معاشی حب ہے اسے چلنے دیا جائے، شہر میں ترقیاتی کام کئے جا رہے ہیں، ہم سب مل کر یہ بات یقینی بنا رہے ہیں کہ شہر کے ہر حصے میں کام کیا جائے، آنے والے دنوں میں 2اہم چیلنجز ہیں۔