پشاور(نمائندہ جنگ)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کا وفد اب تک 4 بار افغانستان جا چکا ہے لیکن اب تک کوئی مثبت نتائج سامنے نہیں آئے۔بلاول نےدنیا بھر کے دورے کئے لیکن آدھے گھنٹے کے فاصلے پر واقع ملک افغانستان کا کوئی دورہ نہیں کیا،مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے لئے وفاق کے ساتھ کئی بار رابطے کئے گئے۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش تھی کہ افغانستان حکومت کے ساتھ مذاکرات کریں لیکن سیاسی اختلاف کے باعث وفاقی حکومت نے مذاکرات کے لیے اب تک نہ اجازت دی اور نہ ہی انکار کیا ہے حالانکہ ہم بین الاقوامی تعلقات بنانے کے لیے نہیں بلکہ صوبے کے مسائل پر بات کرنے کے لیے جانا چاہتے ہیں۔انہوں نے بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے دنیا بھر کے دورے کئے لیکن آدھے گھنٹے کے فاصلے پر واقع ملک افغانستان کا کوئی دورہ نہیں کیا۔ حکومت منگولیا اور دیگر ممالک کو تو اہمیت دے رہی ہے لیکن افغانستان کو نہیں۔ڈرون حملے سے متعلق سوال پر مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ جنگی صورتحال ہے، دہشتگردی عروج پر ہے ایسے میں کچھ واقعات غلطی سے پیش آ جاتے ہیں تاہم دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے کام کر رہے ہیں۔