پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخواہ پبلک پروکیورمنٹ اتھارٹی کا ورلڈ بینک کے پراجیکٹ کے پی سپیڈ کے اشتراک سے ای پیڈز سافٹ ویئر اور کیپرا رولز سے آگاہی کے بارے میں ضلع بٹگرام اور ضلع تورغر کے افسران کے لئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ہزارہ یونیورسٹی، مانسہرہ میں کیا گیا۔ دو روزہ تربیتی ورکشاپ میں سی اینڈ ڈبلیو،اریگیشن، لوکل گورنمنٹ، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، پی ایچ ای ڈی، لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ ایلیمنٹری ایجوکیشن، فوڈ، فشریزاور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ورکشاپ کا مقصدکیپرا ایکٹ رولز، سوفٹ وئیر اور اس کے قواعد و ضوابط کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔تربیتی ورکشاپ میں ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد حسین نے شرکاء کو ورکشاپ کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس تربیتی ورکشاپ سے صوبے کے مختلف محکموں کے افسران کو کیپرا کے قوائد ضوابط سے آگاہی حاصل ہوگی جبکہ نئے لانچ کردہ سافٹ ویئر کے استعمال کے طریقہ کار سے بھی روشناس کروایا گیا جس سے سرکاری اداروں میں خریداری میں شفافیت اور افسران کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ کیپرا پروکیورمنٹ میں بہتری لانے کے لئے مزید اقدامات بھی اٹھائے گی۔