پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے تین ماہ قبل کوہاٹ سے لاپتہ شخص کی بازیابی کے لئے دائر درخواست پر محکمہ داخلہ، پولیس، صوبائی اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔ کیس کی سماعت پشاورہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس جسٹس ایس ایم عتیق شاہ پر مشتمل سنگل رکنی بنچ نے کی ۔درخواست کی سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار خود عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کوبتایا کہ اسکا بیٹا کوھاٹ میں رکشہ چلاتا تھا، تین مہینوں سے لاپتہ ہے بیٹے کے غم میں والدہ بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا ہوگئی ہے جبکہ غربت کی وجہ سے بیٹے کو سکول کر اٹھا کر رکشہ لیکر دیا تا کہ گھر کا خرچہ چل سکے۔انہوں نے بتایا کہ میرے پاس وکیل کے پیسے نہیں۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اپکو وکیل کی ضرورت نہیں، اگر ضرورت ہوئی تو ہم وکیل کا بندوبست کر دینگےاپ کو کوہاٹ سے آنے کی بھی ضرورت نہیں وہاں ویڈیو لنک سے پیش ہوا کریں ہم مختلف اداروں سے رپورٹ طلب کرتے ہیں فاضل بنچ نے پولیس، صوبائی و وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔