• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید الاضحی پر لگی مویشی منڈیوں میں مہنگائی کی تمام حدیں پار

پشاور(وقائع نگار) عید الاضحی پر لگی مویشی منڈیوں میں مہنگائی نے تمام حدیں پار کر دیں، شہری پریشان اور خالی ہاتھ واپس جانے پر مجبور، جبکہ بڑی رقم کا مطالبہ کر کے بیوپاریوں کے ہاتھ بھی کچھ نہیں آتا۔ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لیے شہر بھر میں منڈیاں سج گئی ہیں، لیکن رواں سال جانوروں کی بڑھتی قیمتوں نے شہریوں کو خریداری سے گریزاں کر دیا ہے۔گزشتہ سال کے مقابلے میں چھوٹے اور بڑے دونوں قسم کے جانوروں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کی وجہ سے عام آدمی کے لیے قربانی کا جانور خریدنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ پشاور کی تمام بڑی منڈیوں کالا منڈی، رنگ روڈ، سیفن، ناگمان اور دیگر پر قربانی کے جانور بڑی تعداد میں لائے گئے ہیں، تاہم خریداروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں چھوٹے جانوروں بکری اور دنبے کی قیمتوں میں15سے 20ہزار روپے تک کا اضافہ ہوا ہے جبکہ بڑے جانور گائے، بیل اور اونٹ کی قیمتیں بھی انتہائی بلند ہو چکی ہیں۔کئی شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے وہ اب تک جانور خریدنے سے قاصر ہیں، خریداروں کے مطابق پچھلے سال ایک اچھا دنبہ 50سے 60ہزار میں مل جاتا تھا لیکن اب وہی 75 سے 80ہزار تک بیچا جا رہا ہے۔
پشاور سے مزید