پشاور (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ پشاور نے تحصیل صدر کے علاقے ملوگو میں خواتین کےلیے مخصوص کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس کا مقصد خواتین کو درپیش مسائل کو براہ راست سننا اور ان کا فوری حل ممکن بنانا تھا۔ کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر عزا ارشد اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر صدر نے شرکت کی جبکہ محکمہ صحت، تعلیم، ریونیو اور دیگر لائن ڈیپارٹمنٹس سے وابستہ افسران بھی موجود تھے۔شرکاء خواتین نے تعلیم، صحت، صفائی، نکاسی آب، بجلی کی بندش، خواتین کےلیے مخصوص سہولیات اور پٹوار خانہ سے متعلق شکایات پیش کیں۔ کئی شکایات پر موقع پر کارروائی کی گئی جبکہ دیگر پر متعلقہ محکموں کو باقاعدہ فالو اپ کےلیے ہدایات جاری کی گئیں۔ انتظامی افسران نے کہا کہ خواتین کی شمولیت انتظامی فیصلوں میں نہایت اہم ہے اور ضلعی انتظامیہ اس سلسلے کو آگے بڑھاتی رہے گی۔ شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا ۔