لاہور(رپورٹ :عیشہ آصف)ماہرین اور منتظمین نے کہا ہے کہ صاف ستھرا ماحول اولین ترجیح، قربانی کے بعد آلائشیں کھلے عام پھینکنے کے بجائے مقررہ کلیکشن پوائنٹس پر رکھیں تاکہ ٹیمیں بروقت صفائی کا عمل مکمل کر سکیں۔ ہمارا فرض ہے کہ ہرایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دے اور صاف ستھری عید کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔ان خیالات کا اظہارمیر خلیل الرحمن میموریل سوسائٹی (جنگ گروپ آف نیوز پیپرز)اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ ڈویژن کے زیر اہتمام خصوصی سیمینار بعنوان "عید قربان اور عوام کی ذمہ داریاں" میں کیا۔ گیسٹ آف آنر میں آسیہ گل (سپیشل سیکرٹری بلدیات اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب) تھیں۔ حرف آغاز خالد مجید (صدر ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ ڈویژن) نے کیا۔ جبکہ حرف تشکر فیصل صدیقی (ایگزیکٹو چیئرمین ڈائیوو گروپ آف کمپنی) نے ادا کیا۔ مہمانان گرامی میں سائرہ افضل تارڑ (کوآرڈینیٹر چیف منسٹر)،سہیل انور ملک (جزل مینیجر ڈائیوو ویسٹ منیجمنٹ ڈویژن)، حنیف پتافی(ایم پی اے)،پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد،پروفیسر ڈاکٹر فائزہ شریف،پروفیسر ڈاکٹر عرشہ میر شامل تھے۔میزبانی کے فرائض چیئرمین میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی واصف ناگی نے سر انجام دیے۔سپیشل سیکرٹری بلدیات آسیہ گل نے کہا کہ صرف ان مویشی منڈیوں کو کام کرنے کی اجازت ہوگی،جن کو ضلعی انتظامیہ نے منظور کیا ہے۔ مویشی منڈیوں میں کانگو کریمین ہیمرجک فیور (سی سی ایچ ایف) کے انسداد کے اقدامات کو بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔کوآرڈینیٹر چیف منسٹر سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ عید الاضحی کے دوران بہت ضروری ہے کہ ہم صفائی اور حفظان صحت کو برقرار رکھیں۔ صحت کے خطرات سے بچنے کے لیے صفائی ستھرائی، فضلہ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانا ضروری ہے۔ایم پی اے حنیف پتافی نے کہا کہ اب جو صفائی لاہور جیسے شہر میں ہوتی ہے وہی صفائی ڈیرہ غازی خان، راجن پور جیسے علاقوں میں بھی نظر آرہی ہے یہ سارا کا م ویسٹ مینجمنٹ ڈویژن کا ہے ۔صدر ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ ڈویژن خالد مجید ، ایگزیکٹو چیئرمین ڈائیوو گروپ آف کمپنی فیصل صدیقی اورجنرل مینیجر ڈائیوو ویسٹ منیجمنٹ ڈویژن سہیل انور ملک نے کہا کہ ہماری کمپنی ماحولیاتی بہتری کے سلسلے میں فضلہ کے انتظام کے طریقوں کو فروغ دیتی ہے۔ Daewoo نے پنجاب کے 22 شہروں میں فضلہ اکٹھا کرنے اور ٹھکانے لگانے کی خدمات کا انتظام کرنے کے لیے پنجاب حکومت کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔