کراچی (جنگ فورم/ سلیم اللہ صدیقی) حکومت تنخواہ دار طبقے کوچھوٹ دینا چاہتی ہے لیکن آئی ایم ایف نہیں مان رہا ،بجٹ عوام دوست نہیں ہوگا ،پاکستان کی معیشت کو فسکل پونزی اسکیم چیلنج کا سامنا ہے ،ایف بی آر کے افسران کے اختیارات کے صدارتی آرڈرنینس کی فیڈریشن نے سخت مخالفت کی ہے بغیر اجازت اکاوئنٹ سے پیسے نکالنا منظور نہیں اگر ایسا ہوا تو لوگ کاروبار بند کردیں گے ،گزشتہ دنوں ہونے والی 17دن کی ہڑتالوں کے اثرات 170سے 200دن تک رہیں گے ،ہمارا ایک سال تو ویسے ہی ضائع ہوگیا ہے۔ یہ بات جنگ فورم میں ’ بجٹ ، بڑے چیلنجز‘ کے موضوع پر مقررین نے کی۔ فورم میں مشیر خزانہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا مزمل اسلم ،ایسوسی ایٹ پروفیسر یونیورسٹی آف آکسفورڈ، لندن ڈاکٹر عدیل ملک ،سابق صدر، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری زبیر طفیل اور صدر، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ،جاوید بلوانی نے اظہار خیال کیا ۔میزبانی کے فرائض جنگ فورم کے ایڈیٹر محمد اکرم خان نے انجام دیئے ، مزمل اسلم نے کہا کہ حکومت تنخواہ دار طبقے کوچھوٹ دینا چاہتی ہے لیکن آئی ایم ایف نہیں مان رہا آئی ایم ایف کی شرائط کڑی ہیں بجٹ عوام دوست نہیں ہوگا۔