• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وطن سے محبت، وطن دشمنوں سے نفرت ہم پر شرعاً فرض ہے، راجہ ناصر عباس

اسکردو ( نثار عباس نامہ نگار) مجلس وحدت المسلمین کے بانی رہنما سینٹر راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ وطن سے محبت اور وطن دشمنوں سے نفرت ہم پر شرعاً فرض ہے، بھارت کیخلاف پاکستان کا ہر شہری کٹ مرنے کو تیار ہے، حالیہ کشیدگی کے دوران ان مظلوموں نے ملکی دفاعی اداروں کی حمایت کی جنھیں اپنے اداروں نے بے جرم و خطا سزائیں دی ہیں، ملک میں مسلط ظالمانہ اور جابرانہ نظام کو ہم کبھی قبول نہیں کرینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت المسلمین گلگت بلتستان کے زیر اہتمام اسکردو میں تکریم شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع سے کارکنوں اور عوام کی کثیر تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی۔راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی کے مابین ہونے والے معاہدے کی ہر صورت پاسداری کروں گا اور عمران خان کی حمایت جاری رکھوں گا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ گلگت بلتستان آغا راحت حسین الحسینی نے کہا کہ 1988 کے شہداء نے اپنے وطن اور ناموس کی دفاع کی، ان شہداء نے جرات اور بہادری سے دشمنوں کو رسواء کرکے پسپا ہونے پر مجبور کیا۔ ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے صوبائی صدر سید علی رضوی نے خطاب میں کہا کہ آغا راحت الحسینی کی قیادت میں گلگت بلتستان کے خلاف جاری سازشوں کو ناکام بنائیں گے، قوم نے ساتھ دیا تو آئندہ انتخابات میں میثم کاظم جیسے کئی قابل اور بہادر نوجوانوں کو اسمبلی میں پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما قومی حقوق کیلئے پابند سلاسل ہوئے ہیں، گرفتار رہنماؤں کی رہائی کیلئے عوامی تحریک چلائینگے۔ گلگت بلتستان اسمبلی میں قائد حز ب اختلاف میثم کاظم نے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان حکومت ظلم اور جبر کی تمام حدیں پار کر رہی ہے ہم نہ کسی نئے سیٹ اپ کو مانیں گے اور نہ ہی عوام دشمن لینڈ ریفارمز اور منرل ایکٹ کو مانیں گے۔ انھوں نے مذید کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے ۷۰ سالہ رہنما احسان ایڈوکیٹ اور دیگر رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں اور ان کی رہائی کی جدوجہد میں شامل رہیں گے۔

ملک بھر سے سے مزید