کراچی (اسد ابن حسن) فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن میں کئی اہم عہدوں پر تعیناتیوں کے نوٹیفکیشنز جاری کر دیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے میں گریڈ 20میں ترقی پانے والے بختیار احمد چنہ کو ڈائریکٹر لاء ساؤتھ زون (سندھ و بلوچستان) تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ دوسرے ڈائریکٹر لاء مسعود نسیم کو اسلام اباد ہیڈ کوارٹر میں تعینات کیا جائے گا۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کے ڈائریکٹر ساؤتھ زون (سندھ و بلوچستان) کا چارج ایک مرتبہ پھر عامر نواز نے سنبھال لیا ہے۔ سابق قائم مقام ڈائریکٹر شہزاد حیدر ہیڈ کوارٹر کو رپورٹ کریں گے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر سندھ زون کا چارج احمد ضعیم کو سونپ دیا گیا ہے جبکہ کراچی سرکل کا چارج ڈپٹی ڈائریکٹر ارسلان منظور کو دیا گیا ہے۔