اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان سافٹ ویئر ہاوسز ایسوسی ایشن(پاشا) نے اپنی بجٹ تجاویز میں کہا ہےکہ حکومت آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں آئی ٹی انڈسٹری کےلیے پیکیج کا اعلان کرے ، آئی ٹی کیلئے ٹیکس فری بجٹ دیاجائے اور کوئی نیا ٹیکس نہ لگایا جائے ، آئی ٹی انڈسٹری کے لئے 10 سالہ فکسڈ ٹیکس رجیم دی جائے، فکسڈ ٹیکس رجیم 2025 تا 2035کا واضح اعلان کیا جائے ، رجسٹرڈ آئی ٹی کمپنیوں پر صرف 0.25 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس 2026 کے بعد بھی برقرار رکھنے کا اعلان کیا جائے، آئی ٹی کمپنی ملازمین اور ریموٹ ورکرز پر یکساں انکم ٹیکس لاگو کیا جائے،آئی ٹی انڈسٹری کے فارن کرنسی ریوینیو کی نقل و حرکت میں آسانیاں پیدا کی جائیں ۔ چیئرمین پاشا سجاد مصطفی سید نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی انڈسٹری میں کل 70 کروڑ ڈالر انویسٹمنٹ میں سے 60 کروڑ ڈالر پاشا کی ممبر کمپنیاں لے کر آرہی ہیں ، سجاد مصطفی سید نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر کی ایف ڈی آئی پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کی جانب راغب ہو رہی ہے۔