• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا، عید کے 3 دنوں میں مختلف واقعات میں 59 افراد جاں بحق، 11 زخمی ہوگئے

پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان (کرائم رپورٹر، نمائندہ جنگ) پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں عیدالاضحیٰ کے دوران جرائم سمیت مختلف حادثات کے نتیجے میں 50سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے اس دوران 100 سے زائد آ گ کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ شاہ فہد ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 کے مطابق صوبے کے 34 اضلاع میں 1897 افراد کو امدادی خدمات فراہم کی گئیں۔ صوبے بھر میں 1400 میڈیکل ایمرجنسیز میں مریضوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ عیدالاضحیٰ میں 349 ٹریفک حادثات بھی رونما ہوئے جن میں سب سے زیادہ 43 حادثات پشاور میں پیش آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق عید الاضحیٰ کے دوران مختلف نوعیت کے 112 آگ لگنے کے واقعات بھی رونما ہوئے۔ عید کے دنوں میں بھی دریاؤں اور ڈیمز میں ڈوبنے کے 6 واقعات پیش آئے۔ مختلف ریکوریز کے 82 اور جرائم کے 50 واقعات میں سہولیات فراہم کی گئیں۔ عیدالاضحیٰ کے دوران مختلف واقعات میں 55 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ دریں اثنا ڈیرہ اسماعیل خان میں عیدالاضحی کے موقع پر تحصیل درازندہ، بھکر اور محکمہ موسمیات روڈ پر ٹریفک کے مختلف حادثات میں 2سگے بھائیوں ، 1بچے سمیت 9افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 11افراد زخمی ہوئے۔ تحصیل درازندہ کے گائوں المرکلاں میں کار بے قابو ہوکر گہری کھائی میں گر گئی جسکے نتیجے میں عبد الرحیم شیرانی، انس خان عرف سیلو خان، صدام خان شیرانی اور ایک 7 سالہ بچہ جاں بحق ہوگئے، جبکہ دو افراد یونس خان اور لاہور خان زخمی ہوگئے، جاں بحق و زخمیوں کا تعلق علاقہ شیرانی خدرزائی گائوں بیاران سے بتایا جاتاہے ، جاں بحق افراد میں دو سگے بھائی بھی شامل تھے، زخمیوں و جاں بحق افراد کو درازندہ ہسپتال منتقل کردیا گیا، دوسرے واقعہ میں پنجاب کے ضلع بھکر میں علاقے اڈہ چھینہ کے قریب تیز رفتار 5موٹر سائیکلوں کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے تین نوجوان موقع پر جاں بحق ہوگئے ، جبکہ 7افراد زخمی ہوگئے، جن کو فوری طور پر بھکر ہسپتال منتقل کردیا گیا، تیسرے حادثہ میں تھانہ کینٹ کی حدود محکمہ موسمیات روڈ پر موٹرسائیکلوں کے تصادم میں مدینہ کالونی کے رہائشی2نوجوان موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ دو نوجوان زخمی ہوگئے ، جن کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔
پشاور سے مزید