پشاور(وقائع نگار) عید الاضحی کے دوران مثالی صفائی کرنے پر واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور کے افسران اور آپریشن عملہ خراجِ تحسین کا لائق ہے جنہوں نے ناصرف قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اور باقیات بروقت ٹھکانے لگا کر شہر کو صاف ستھرا رکھا بلکہ غیر متوقع طوفانی بارش کے بعد ندی نالوں کی صفائی اور بروقت نکاسی آب کو بھی یقینی بنایا۔ ان خیالات کا اظہار وائس چیئرمین نیبر ہوڈ کونسل 9 کشور آباد اور زکواۃ چیئرمین محمد اقبال خان نے ایک بیان میں کیا۔ محمد اقبال خان نے کہا ہے کہ ڈبلیو ایس ایس پی نے امسال عید الاضحی پر شہریوں کو بدبو اور گندگی کا احساس نہیں ہونے دیا، زونل منیجر باسط خٹک کی سربراہی میں منیجر گوہر، سی ایم آئی صدیق الرحمن، ساجد خان اور سپر وائزر لیاقت ماما کی پوری ٹیم نے جو محنت کی اس کا صلہ عوام کو صفائی کی صورت میں ملا اور زون 1 کے عوام نے دل کی گہرائیوں سے پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکام کی جانب سے ڈبلیو ایس ایس پی عملے کے ساتھ عید الاضحی سے قبل ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد کا مطالبہ بھی کیا۔محمد اقبال نے کہا کہ زون 1میں کلیکشن پوائنٹس پر سپرے کر کے چونا ڈالا گیا جس کی مانیٹرنگ زونل منیجر کررہے تھے، ٹیم ورک اور عوامی تعاون سے مکمل ہونے والے عید الاضحی صفائی آپریشن کے بعد کہیں پر کوئی گند نظر نہیں آیا جس پر نہ صرف عوام بلکہ بلدیاتی نمائندوں نے بھی ڈبلیو ایس ایس پی کو خراج تحسین پیش کیا اور اُن کی کارکردگی کو خوب سراہا۔