• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، مگر برا نہیں مانتا: ہمایوں سعید

پاکستان کے معروف اداکار، فلم ساز اور پروڈیوسر ہمایوں سعید نے حالیہ انٹرویو میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انہیں طویل عرصے سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، خصوصاً عمر اور فلموں میں اپنے لیے مرکزی کردار منتخب کرنے پر۔

ہمایوں سعید حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں مہمان بنے، جس میں مختلف موضوعات زیر بحث آئے، جن میں ان کے کیریئر، فلم سازی اور سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید شامل تھی۔

میزبان نے سوال کیا کہ کیا وجہ ہے کہ جب بھی کاسٹنگ کی بات آتی ہے، لوگ آپ کو مسلسل تنقید کا نشانہ بناتے ہیں؟ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ آپ ہمیشہ اہم کردار خود کےلیے محفوظ رکھتے ہیں؟

جواب میں ہمایوں سعید نے صاف گوئی سے کام لیتے ہوئے کہا کہ نہیں، یہ بات درست نہیں، میں نے اپنی فلموں میں فہد مصطفیٰ، حمزہ علی عباسی اور کئی دیگر فنکاروں کو کاسٹ کیا ہے، اصل وجہ یہ ہے کہ میں کافی سالوں سے ہیرو کا کردار ادا کر رہا ہوں، اور آج بھی کر رہا ہوں، اس لیے شاید لوگ مجھے ہدف بناتے ہیں لیکن مجھے اس پر اعتراض نہیں، تنقید ہو رہی ہے تو ہونے دیں۔

ہمایوں سعید پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے اُن چند ستاروں میں سے ہیں جنہوں نے ناصرف اداکاری بلکہ پروڈکشن میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں، ان کی مقبول ڈرامہ سیریلز میں میرے پاس تم ہو، دل لگی، مہندی اور کئی فلمیں شامل ہیں۔

حال ہی میں ہمایوں سعید اپنی نئی رومانوی کامیڈی فلم لو گُرو میں ماہرہ خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا ہے، اس سلسلے میں وہ مختلف ٹی وی چینلز کو انٹرویوز دے رہے ہیں اور فلم سے متعلق بھرپور توجہ حاصل کر رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید