• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رجب بٹ کے فیملی ایونٹ میں نوٹوں کی بارش، عوام برہم

--اسکرین گریب
--اسکرین گریب

رجب بٹ فیملی ایونٹ میں دولت کی بےجا نمائش اور نوٹ نچھاور کرنے پر ایک بار پھر شدید تنقید کی زد میں آگئے۔

پاکستان کے معروف یوٹیوبر اور ڈیجیٹل کریئیٹر رجب بٹ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ یوٹیوب پر 6.75 ملین سبسکرائبرز اور انسٹاگرام پر 20 لاکھ سے زائد فالوورز رکھنے والے رجب بٹ اپنے متنازع بیانات اور حرکات کے باعث اکثر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہتے ہیں۔ 

ان کے خاندانی ولاگز بھی مداحوں میں کافی مقبول ہیں، جس میں ان کے والدین، دوستوں اور بہن کو خصوصی مقام حاصل ہے۔

حال ہی میں رجب بٹ کی بھانجی آیت زہرہ کے عقیقے کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں متعدد قریبی رشتہ داروں، دوستوں اور سوشل میڈیا شخصیات نے شرکت کی۔

اس تقریب میں معروف صوفی گلوکارہ تحسین سکینہ کو مدعو کیا گیا، جنہوں نے رجب بٹ کی شادی میں بھی پرفارم کیا تھا، وائرل ویڈیو میں یوٹیوبر تحسین سکینہ کے ساتھ گاتے نظر آ رہے ہیں اور بھانجی سے محبت کا اظہار بھی کرتے دکھائی دے رہے ہیں تاہم، ویڈیو میں بھاری مقدار میں کرنسی نوٹ نچھاور کرنے کے مناظر نے عوام کو سخت برہم کر دیا ہے۔

عقیقے کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت تنقید کی جا رہی ہے، متعدد افراد نے اسے فضول نمائش قرار دیا ہے۔

 ایک صارف نے لکھا کہ لگتا ہے اب لوگ بچوں کو بھی صرف سوشل میڈیا کے کانٹینٹ کے لیے پیدا کر رہے ہیں۔

ایک اور تبصرہ کچھ یوں تھا کہ پہلے زمانے میں نوٹ نچھاور کرنا مخصوص محفلوں تک محدود تھا، اب عام لوگ بھی وہی کام کر رہے ہیں۔

کئی افراد نے رائے دی کہ اگر واقعی بچے سے محبت ہے تو یہ پیسہ مستحق افراد میں بانٹا جائے۔

 ایک صارف نے لکھا کہ یہ محنت کی کمائی نہیں لگتی، اسی لیے اس طرح اڑائی جا رہی ہے۔

کچھ لوگوں نے احادیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام میں تقاریب کو سادہ رکھنے کی تلقین کی گئی ہے اور ایسی بے جا نمائش کی ممانعت ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید