• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بھارت کے شہر احمد آباد میں بوئنگ کمپنی کا مسافر طیارہ اُڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد رہائشی علاقے میں گر کرتباہ ہوگیا، جس میں 242 مسافر سوار تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر حادثے کا شکار طیارہ پرندے کے ٹکرانے کی وجہ سے ٹیک آف کےلیے درکار رفتار حاصل کرنے میں ناکام رہا، جس کے سبب یہ حادثہ پیش آیا ہے۔

سابق سینئر پائلٹ کیپٹن سوربھ بھٹناگر کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ طیارے سے ایک سے زیادہ پرندے ٹکرائے ہوں گے، جس کی وجہ سے دونوں انجنوں کی طاقت ختم ہو گئی۔ تاہم ٹیک آف بالکل درست تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کی اصل وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔

خیال رہے کہ احمد آباد سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز اے 171 آج (جمعرات کو) دوپہر 1 بج کر 30 منٹ کے قریب ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گئی۔ بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر میں 242 افراد سوار تھے، جن میں سے 230 مسافر، عملے کے 10 ارکان اور 2 پائلٹ شامل تھے۔

خبر ایجنسی کے مطابق حادثے کا شکار طیارے میں 169 بھارتی، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور7 پرتگالی مسافر سوار تھے، حادثے کا شکار طیارے میں 11 بچے بھی موجود تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ممکنہ طور پر گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی بھی لندن جانے والے، حادثے کا شکار  ایئر انڈیا کے طیارے میں سوار تھے۔

طیارہ حادثے کے بعد متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید