پشاور (اے پی پی) ٹی ایم او ٹاؤن میونسپل آفیسر محمد شعیب کی سربراہی میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں رورل دیہی اور اربن شہری علاقوں میں محرم الحرام کے دوران میونسپل سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس میں صفائی، نکاسی آب، روشنی کے انتظامات اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ محمد شعیب نے متعلقہ افسران تحصیل آفیسر انفراسٹکچر عامر محمود ، اسسٹنٹ تحصیل آفیسر سبحان الدین، میونسپل سروسز انچارج محمد وقاص کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران بالخصوص عاشورہ کے دنوں میں تمام جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر صفائی ستھرائی، پانی کی فراہمی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔ ٹی ایم او نے کہا کہ محرم الحرام احترام، نظم و ضبط اور تعاون کا تقاضا کرتا ہے اور میونسپل عملہ اس مقدس فریضہ کو عبادت سمجھ کر انجام دے گا۔ اجلاس میں موجود تمام افسران نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔