راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں مس کنڈکٹ پر معطل جونیئر کلرک کو بھی پنجاب حکومت کی طرف سے سالانہ بہتر کارکردگی پر اعزازیہ سے نوازا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی آفس کے سات اہلکاروں کو ایک ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ بطور اعزازیہ دی گئی جس میں معطل ہونے کے باوجود ابرار قریشی کا بھی نام شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق3دسمبر2024کو ابرار قریشی جونیئر کلرک گریڈ گیارہ کو اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر آفس سے تبدیل کرکے تحصیلدار سٹی کا ریڈر لگایا گیا تھا۔تین مارچ2025کو ڈپٹی کمشنر کی طرف سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے ابرار کو مس کنڈکٹ پر معطل کردیا تھا۔ذرائع کے مطابق ابرار قریشی سرکاری بنک اراضی سکینڈل میں برطرف تحصیلدار کا ریڈر تھا اور اسی لئے معطل کیا گیا لیکن وہ بدستور سرکاری امور انجام دے رہا ہے۔