راولپنڈی(جنگ نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی نے پنجاب حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے بلدیاتی ایکٹ اور متنازع حلقہ بندیوں کو جمہوری اصولوں، عوامی نمائندگی اور آئینی تقاضوں کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پورا نظام عوام کو بااختیار بنانے کے بجائے سیاسی جوڑ توڑ، ہارس ٹریڈنگ اور منتخب نمائندوں کو بے اختیار کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔راولپنڈی سٹی صدر میاں خرم رسول کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں پنجاب نائب صدر پی پی رانا رفاقت سابق ناظم پنڈی ، آصف اکبر سٹی جنرل سیکریٹری اور دیگر ناظمین، کونسلرز، خواتین اور اقلیتی نمائندوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی نظام کو عوامی خدمت کے ادارے کے بجائے سیاسی مفادات کے حصول کا ذریعہ بنا دیا ہے۔ شرکاء نے متفقہ طور پر قرار دیا کہ چیئرمین یونین کونسل کے بالواسطہ انتخاب کا طریقہ کار عوامی مینڈیٹ کی صریح توہین ہے جس کا مقصد عوام کے ووٹ کی طاقت کو کمزور اور خرید و فروخت کی سیاست کو فروغ دینا ہے۔