راولپنڈی (خبر نگار) چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے علاقہ جہانگیر روڈ کو دو سال سے گدلے پانی کی فراہمی، اعلیٰ افسران کی جانب سے مسلسل بے حسی کی وجہ سے اہل علاقہ اذیت کا شکار، وقار النساء یونیورسٹی میں نصب ٹیوب ویل کو بار بار شکایات کے باوجود ٹھیک نہ کیا جا سکا۔ اہل علاقہ کے مطابق پانی اتنا گندا اور مٹی ملا آ رہا ہے کہ وضو، کپڑے دھونے کے قابل بھی نہیں، علاقے میں پینے کا پانی سرے سے میسر ہی نہیں، ایک بڑی آبادی کو صاف پانی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ گندے پانی کی وجہ سے لوگوں کو جلدی امراض لاحق ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ٹیوب ویل نمبر 11 میں پانی ہونے کے باوجود اسکو ملی بھگت سے پانچ سال سے بند کر دیا گیا ہے حالانکہ اس ٹیوب ویل میں بجلی کی موٹر گری تھی جسے چھپانے کیلئے اسے سرے بند ہی کر دیا ہے۔ اربوں روپے کا بجٹ ہونے کے باوجود ایک نیا ٹیوب نہیں لگایا جا سکا۔ یہ واحد علاقہ ہے جہاں گدلا پانی فراہم کیا جا رہا ہے مگر اس کو ٹھیک نہیں کیا جا رہا۔ اہل علاقہ نے حکام بالا خصوصا چیف ایگزیکٹو آفیسر سے فوری ایکشن لینے اور اس بحران کے ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔