اسلام آباد ( خصوصی رپورٹر،جنگ نیوز)اسلام آباد اور تاشقند کے درمیان طویل عرصے سے متوقع براہِ راست فضائی رابطہ بالآخر قائم ہو گیا جس کا باقاعدہ آغاز ازبکستان کی افتتاحی پرواز سے ہوا۔ افتتاحی پرواز کم و بیش 188مسافر لے کر پہنچی ۔پاکستان میں ازبکستان کے سفیرعلی شیر تُختایف نے اس موقع پر کہا کہ یہ پیش رفت عوامی روابط، سیاحت، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون کے نئے دروازے کھولے گی۔ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے کہا کہ یہ براہِ راست پرواز دونوں ممالک کے عوام کے لیے کاروباری روابط استوار کرنے، تعلیمی تعاون کو فروغ دینے اور ثقافتی تبادلوں کا ایک شاندار موقع فراہم کرے گی۔ ادھر اس ضمن میں ہفتہ کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رنگارنگ افتتاحی تقریب بھی منعقد ہوئی جہاں پہلی پرواز دوپہر 1بج کر 9منٹ پر روانہ ہوئی جس میں 126مسافر سوار تھے۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مینیجر آفتاب گیلانی نے بتایا کہ 100منٹ کی براہِ راست پرواز سفارت کاروں، سرکاری افسران، سیاحوں اور کاروباری افراد کے لیے تیز تر اور آسان سفری سہولت مہیا کرتی ہے۔ اس موقع پر ازبکستان، تاجکستان، قازقستان اور آذربائیجان کے سفراء بھی موجود تھے ۔ واپسی کی پرواز میں سینئر صحافیوں، کاروباری رہنماؤں اور اہم شخصیات پر مشتمل ایک وفد بھی شامل تھاجنہوں نے 10 تا 12 جون کو منعقدہ تاشقند انٹرنیشنل فورم میں شرکت کی۔