کراچی (رفیق مانگٹ) جمعہ کے روز اسرائیل کی طرف سے ایران پر حملے سے قبل، امریکہ نے خاموشی سے اسرائیل کو سیکڑوں ہیل فائر میزائل فراہم کیے۔ ذرائع کے مطابق، منگل کے روز امریکی انتظامیہ نے اسرائیل کو 300 ہیل فائر میزائل روانہ کیے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اسرائیل اس حملے کی بھرپور تیاری کر رہا تھا۔ دو امریکی عہدیداروں نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ کو اسرائیل کے حملے کے منصوبے کی پیشگی اطلاعات حاصل تھیں۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ہیل فائر میزائلوں سمیت دیگر ہتھیاروں کی بڑی مقدار کی ترسیل کی خبر اب تک خفیہ رہی اور اسے پہلے رپورٹ نہیں کیا گیا۔ یہ ترسیل خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عسکری تیاریوں کی عکاسی کرتی ہے، جو مشرق وسطیٰ کے موجودہ حالات کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔