اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے تناظر میں واضح کیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تعیناتی سے متعلق آئینی تقاضوں اور پارلیمانی طریقہ کار پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے حالیہ خط کا باقاعدہ جواب بھی دے دیا گیا ۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق سپیکرنے اپنے خط میں پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے لئے آئینی اور قانونی طریقہ کار کی وضاحت کی ،سپیکر نے اپوزیشن لیڈر کو یاد دہانی کرائی کہ اس سارے عمل میں پہلا قدم وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان باہمی مشاورت ہے،سپیکر نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کو لکھے گئے 16 مئی 2025کے خط کا بھی حوالہ دیا ، جس میں وزیراعظم نے نامزدگیوں کے حوالے سے مشاورت کا آغاز کیا تھا۔