اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد) وفاقی حکومت کی مالی تجاویز کو یکم جولائی 2025ء سے نافذ العمل بنانے اور بعض قوانین میں ترامیم کے لیے منظور شدہ فنانس بل کے تحت غیر منقولہ جائیداد کی فروخت یا منتقلی پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح میں نیا ڈھانچہ متعارف کرا دیا گیا ہےرئیل اسٹیٹ کی فیئر مارکیٹ ویلیو کی بنیاد پر مرحلہ وار ٹیکس عائد، مالیاتی بل ۔ ترمیم شدہ بل کے مطابق اگر کسی جائیداد کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم 5 کروڑ روپے تک ہے تو 4.5 فیصد، 5 کروڑ سے زائد مگر 10 کروڑ روپے سے کم پر 5 فیصد، اور 10 کروڑ روپے سے زائد آمدن پر 5.5 فیصد ایڈوانس ٹیکس عائد ہوگا۔ اسی طرح، ڈویژن XVIII کے تحت جائیداد کی "فیئر مارکیٹ ویلیو" کی بنیاد پر بھی نئی ٹیکس شرحیں مقرر کی گئی ہیں جن کے مطابق 5 کروڑ روپے تک مالیت کی جائیداد پر 1.5 فیصد، 5 کروڑ سے زائد اور 10 کروڑ سے کم مالیت پر 2 فیصد، جبکہ 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت پر 2.5 فیصد ایڈوانس ٹیکس وصول کیا جائے گا۔