اسلام آباد/کوئٹہ (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے درمیان ملاقات میں ریاست کی رٹ کو ہر قیمت پر قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی،بحالی امن کے لیے ماسٹر پلان پر فوری اور مثر عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے،امن و امان کی حکمت عملی میں سابق سربراہان بلوچستان پولیس کے تجربات اور مشاورت سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتہ کو کوئٹہ کا دورہ کیا اور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان میں امن و امان سے متعلق اعلی سطح کااجلاس منعقد ہوا۔وزیر اعلی بلوچستان نے اجلاس کو صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، جاری اقدامات اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔