• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میدان ٹو براول ٹنل منصوبے سے نئے ترقیاتی دور کا آغاز ہو گا، ملک لیاقت

پشاور ( جنگ نیوز )وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بہبود آبادی ملک لیاقت علی خان سے نیسپاک کے حکام نے منگل کے روز پشاور میں ملاقات کی۔ملاقات میں میدان ٹو براول ٹنل منصوبے پر نیسپاک کی اعلیٰ سطح انجینئرنگ ٹیم نے ملک لیاقت علی خان کو منصوبے کی تکنیکی رپورٹ، فزیبلٹی اسٹڈی، ابتدائی ڈیزائن اور مجوزہ لاگت پر باضابطہ بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ ٹنل کی تعمیر نہ صرف سفری وقت میں نمایاں کمی لائے گی بلکہ دونوں اضلاع کے درمیان معاشی، تجارتی اور سماجی روابط کو بھی فروغ دے گی۔وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بہبود آبادی ملک لیاقت علی خان نے نیسپاک ٹیم کو بتایا کہ میدان ٹو براول ٹنل کا منصوبہ عوام کی دہائیوں پر محیط خواہش ہے۔ یہ صرف ایک سڑک یا ٹنل نہیں بلکہ ایک نئے ترقیاتی دور کا آغاز ہوگا، جو اپر اور لوئر دیر کے درمیان فاصلے کو کم کرے گا اور لوگوں کی زندگیوں میں آسانی لائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ ان کی خصوصی توجہ اور نگرانی میں آگے بڑھایا جائے گا تاکہ کوئی رکاوٹ یا تاخیر نہ ہو۔ ملک لیاقت خان نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف دیر لوئر و دیر بالا بلکہ پورے ملاکنڈ ڈویژن کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔
پشاور سے مزید