• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئین نے ہر شہری کو آزادی کی ضمانت دی ، بحث کی ضرورت نہیں ،پشاور ہائیکورٹ

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے کہاہے کہ آئین اور قانون نے ملک کے ہر شہری کو آزاد اور ملک کے مفاد کے تحفظ سے متعلق ضمانت دی اور مزید اس میں کچھ لکھنے یا بحث کرنے کی ضرورت نہیں ہے ، تاہم اب یہ اداروں نے طے کرنا ہے کہ وہ اس پر کس حد تک عمل کرتے ہیں کیونکہ آئین ان سب کے تحفظ کی ضامن ہے اور عدالتوں نے اسی پر چلنا ہے ۔ فاضل جسٹس نےیہ ریمارکس گزشتہ روز رکن قومی اسمبلی شہریارآفریدی کیجانب سے دائر رٹ پر سماعت کے دوران دیئے۔ دورکنی بنچ جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس عبدالفیاض پر مشتمل تھا، اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل معظم بٹ، وفاقی حکومت کیجانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل اسحاق خلیل جبکہ صوبائی حکومت کی نمائندگی اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد جاوید نے کی۔ دوران سماعت عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ بتائیں آپ لوگوں نے کیا رپورٹ دی ہے ؟ جس پر عدالت کو بتایاگیاکہ شہریار آفریدی کے خلاف مجموعی طور پر 9ایف آئی آر ز درج ہیں اور ایک انکوائری ایف آئی اے کررہی ہے ۔ جس پر صاحبزادہ اسداللہ نے کہاکہ پہلے آپ نے کہا تھا کہ 8ایف آئی آرز ہیں ، یہ نئی ایف آئی آر کہاں سے آئی؟ آپ لوگوں نے ایف آئی آرز اپنے پاس رکھیں ایف آئی آرز بعد میں لے آتے ہیں۔اگر آپ لوگ ان کو بروقت یہ معلومات دیتے تو وہ دوسرے راونڈ میں نہیں آتے۔
پشاور سے مزید