• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیمور جھگڑا کی حفاظتی ضمانت میں توسیع، صوبائی حکومت سے مقدمات کی تفصیل طلب

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑاکے مقدمات کی تفصیل کیلئے دائر درخواست پر ان کی حفاظتی ضمانت میں 26جون تک کیلئے توسیع کردی جبکہ مقدمات کی تفصیلات کیلئے صوبائی حکومت سے رپورٹ طلب کرلی ، کیس پر سماعت جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس عبد الفیاض پر مشتمل بنچ نے کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل علی گوہر درانی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایاکہ درخواست گزار سابق صوبائی وزیرہیں، ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کاحکم دیا جائے۔ اس دوران اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسلام آباد میں ان کے خلاف ایک مقدمہ ہے ، نیب اور ایف آئی اے میں کوئی کیس اور انکوائری نہیں جبکہ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے بتایاکہ ہم اپنی رپورٹ جمع کریں گے، ہمیں تھوڑا وقت دیا جائے ۔ دوران سماعت جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے تیمور سلیم جھگڑا سے استفسارکیاکہ لگتا ہے کہ صوبائی حکومت کی آپ سے محبت کم ہوگئی ہے،بعدازاں عدالت نے سابق صوبائی وزیر کو 26 جون تک حفاظتی ضمانت دے دی جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر صوبائی حکومت سے تیمور سلیم جھگڑا کے خلاف درج مقدمات کی رپورٹ بھی طلب کرلی پیشی کے بعد پشاور ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیاسے گفتگو میں سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا نے کہاکہ وفاقی حکومت نے کہاہے کہ ایک ایف آئی آر ہے۔
پشاور سے مزید