راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر) بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی سستی کے باعث ویمن جیل راولپنڈی 30جون تک فنکشنل نہ ہوسکے گی۔گزشتہ سال مئی میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے راولپنڈی اور فیصل آباد میں عورتوں کے لئے الگ سے جیلیں تعمیر کرنے کی منظوری دی تھی جب کہ ڈسٹرکٹ جیل راولپنڈی کی قبل ازیں منظوری دی گئی تھی ۔اڈیالہ جیل سے متصل دونوں جیلوں کاتعمیراتی کام جاری ہے۔ذرائع کاکہناہے کہ راولپنڈی ویمن جیل کوفعال کرنے کے لئے 30جون کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی لیکن بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ پنجاب دی گئی میعاد کے اندر اس منصوبہ کومکمل نہیں کرسکے گا۔ ویمن جیل میں اڑھائی سوخواتین قیدیوں اور بچوں کو رکھنے کی سہولت ہوگی اور اس کے لئے الگ سے خاتون سپرنٹنڈنٹ اور عملہ تعینات کیاجائے گا۔ذرائع کاکہناہے کہ اس وقت اڈیالہ جیل میں قیدی خواتین کی تعداد281ہے ،اسی طرح راولپنڈی ڈسٹرکٹ جیل بھی رواں سال مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن ہے۔