راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ) راولپنڈی پولیس نے 6ملزموں کو گرفتار کرکے شراب اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کر لیا ،پولیس کے مطابق ملزموں سے 25لیٹر شراب اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد ہوا، ملزموں کے خلاف کارروائیاں تھانہ نصیرآباد ، نیو ٹاؤن ، واہ کینٹ ، وارث خان اور چکلالہ کے علاقوں میں کی گئیں ۔ ادھرتین رکنی گینگ کو گرفتار کرکے 16 ہزار روپے اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمدکرلیاگیا، تھانہ نصیر آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تین رکنی گینگ کو گرفتارکر لیا۔ جبکہ تھانہ پیرودہائی پولیس نے دوملزموں کو گرفتار کرکے 2 کلو 340 گرام چرس برآمد کی، جب کہ تھانہ کینٹ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے ایک کلو 240 گرام چرس برآمد کی ۔ ادھر تھانہ جاتلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا ، پولیس کے مطابق اشتہاری نے ذاتی رنجش پر فائرنگ کرکے شہری کو قتل کر دیا تھا۔