پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور کے علاقے دوران پوراوپی ایف کالونی میں پراسرار دھماکے میں جھلس کر زخمی ہونے والا تیسرا بھائی بھی ہسپتال میں دم توڑ گیا، اب تک 3بچے اس دھماکے میں جان کی بازی ہارچکے ہیں ، دھماکے کے نتیجے میں والدین سمیت 5افراد زخمی ہوگئے تھے جنہیں برن یونٹ منتقل کیا گیاتھا۔واقعات کے مطابق کچھ روز قبل او پی ایف کالونی میں زاہد علی ولد اختر علی کے گھر میں زورداردھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں گھر کا ایک حصہ مکمل طور پر منہدم ہوگیا تھا ۔دھماکے سے ایک بچہ موقع پر جاں بحق جبکہ اس کے دو دوسرے بھائی بھی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔جاں بحق بچوں میں احمد علی، حسن علی اور علی شیر شامل ہیں۔ تین بھائیوں کے ناگہانی موت سے علاقے میں سوگ کا سماں ہے اور پورے خاندان میں صف ماتم بچھ گئی ہے ۔ پولیس اوربی ڈی یو کی ٹیموںنے جائے حادثہ سے شواہد بھی اکٹھی کیں اور ورثاءکا کہنا ہے کہ پراسراردھماکے کی تحقیقات کی جائیں جسے ابتداءمیں گیس دھماکہ قراردیا گیا تھا۔ دھماکے کے نتیجے میں جھلس کر زخمی ہونے والے والدین برن یونٹ میں تاحال زیرعلاج ہیں۔