پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور کے علاقے بھانہ ماڑی میں ایک اور نوجوان کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ شادی سے انکار پر ملزم نے بیوہ خاتون پرگھر کے اندر تشدد کرتے ہوئے اس کے کپڑے پھاڑ دیئے، پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی۔ تھانہ بھانہ ماڑی پولیس کو شہزاد خان ولد گل عرف سکنہ مشتاق آباد نے بتایاکہ گزشتہ روز اس کے 10سالہ بھتیجے نے گھر آکر بتایاکہ 29سالہ بھائی شیراز کو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے ، اس نے موقع پر آکر دیکھا تو مسکین آباد نزد آفریدی مسجد اس کا بھائی چنگ چی پر قتل ہواپڑا تھا ۔ انہوں نے بتایاکہ ہماری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے ۔واضح رہے کہ ایک روز قبل بھی 18سالہ نوجوان شاہ زیب کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا ۔ ادھر تھانہ بھانہ ماڑی پولیس کو مسماة (الف ،ر) دختر محمد افضل نے بتایاکہ وہ ڈھیرہ باغبانان مشتاق آباد کی رہائشی ہےاور وہ بیوہ ہے اور اس کی 3بیٹیاں ہیں۔ اس نے دو سال قبل ملزم رضوان ولد عزیز الرحمان سکنہ نوتھیہ کو 50ہزار روپے دیئے جس پر رضوان نے رکشہ خرید کر مجھے روازنہ 200یا300روپے دیتا تھا ،وہ سرکاری سکول میں ملازم ہے اورملزم اسے سکول میں پک اینڈ ڈراپ سروس دیتا تھا۔مدعیہ کے مطابق ملزم نے اسے شادی کی آفر کی جو اس نے ٹھکرا دی ، انکار کرنے کی صورت میں اس نے مجھے گالم گلوچ اور ہراساں کرنا اور نازیبا الفاظ پکارنا اورسنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیتا رہا۔ گزشتہ روزوہ صبح ہمارے گھر آکر گھنٹی بجائی، جب دروازہ کھولا تو ملزم نے گھر کے اندر داخل ہونیکی کوشش کرتے ہوئے اسے لاتوں مکوں سے مارنا شروع کیا اور کپڑے بھی پھاڑ دیئے جبکہ بالوں سے کھینچا جس وہ زخمی ہوئی۔متاثرہ خاتون کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے ملزم کے خلاف دفعہ 506,345,337Aوغیرہ کے تحت مقدمہ د رج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ۔