لاہور(اپنے نامہ نگار سے) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق وزارت توانائی پاور ڈویژن کی جانب سے اپنا میٹر اپنی ریڈنگ پاور سمارٹ موبائل ایپ کا اجراء ایک انقلابی اقدام ہے جس سے اووربلنگ اور کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔ ایپ کی لانچنگ کے موقع پر سی ای او لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت کے محکموں میں جدت لانے کیلئے ڈیجیٹلائزیشن کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ شفافیت کو بھی فروغ ملے گا۔ انجینئرمحمد رمضان بٹ نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری وزارت توانائی کو جدید خطوط پر استوار کرکے عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہیں جبکہ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو عامر ضیاء کی زیر قیادت صارفین کی خدمت لیسکو کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اپنا میٹر اپنی ریڈنگ پاور سمارٹ ایپ کے ذریعے اس خود کار نظام کے تحت مقررہ تاریخ کولیسکو صارفین اور میٹر ریڈر کی جانب سے بھیجی گئی ریڈنگ کی جانچ پڑتال کے بعد بل کیلئے ریڈنگ کو منتخب کیا جائے گا جس سے ان کے نان پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں جانے کے امکانات کم ہوجائیں گے۔