اسلام آباد (ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار ) پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ایران اسرائیل جنگ میں پاکستانی میڈیا کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے دوران پاکستانی میڈیا نے ایرانی میڈیا سے زیادہ بہتر کام کیا ہے جس کی وجہ سے جھوٹےصیہونی میڈیا نے عالمی سطح پر پہلی بار مات کھائی ہے۔ایران کی فتح نے اسرائیل اور امریکہ کا گھمنڈ ریزہ ریزہ کردیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان نیوز پیپرز اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایمپلائیز کنفڈریشن(ایپنک )کے مرکزی چئیرمین محمد صدیق انظر کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا وفد نے پاکستانی میڈیا کی طرف سے ایرانی سفیر کو فتح پر سوینئر اور پھول بھی پیش کئے ایرانی سفیر نے ملاقات کے دوران ایران کی حمایت پر پاکستانی قوم ۔حکومت، افواج پاکستان اور بالخصوص پاکستانی میڈیا کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ ایران اسرائیل جنگ کے دوران میڈیا کا کردار سب سے اہم رہا ہے۔