کراچی (اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی سنڈیکیٹ کا 24واں اجلاس وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (نشان امتیاز، تمغہ امتیاز) کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ سینڈیکیٹ نے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین کی بصیرت افروز قیادت اور دانشمندانہ نظم و نسق کو سراہتے ہوئے شفافیت، میرٹ، مالی نظم و ضبط اور تعلیمی معیار کے فروغ میں ان کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ اجلاس میں اس امر کا اعتراف کیا گیا کہ ان کی قیادت میں داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی ایک ممتاز سرکاری انجینئرنگ جامعہ کے طور پر جدت، رسائی اور قومی ترقی کے اہداف کی جانب مسلسل پیشرفت کر رہی ہے۔ سنڈیکیٹ نے 26ویں اکیڈمک کونسل کی سفارشات کی روشنی میں داؤد یونیورسٹی داخلہ پالیسی (طریقہ کار اور قواعد و ضوابط برائے داخلہ) برائے تمام انڈرگریجویٹ پروگرامز (بی ای / بی آرکیٹیکچر / بی ایس) کی منظوری دے دی جس کا اطلاق داخلہ 2026ء اور اس کے بعد ہونے والے سیشنز پر ہوگا۔اجلاس میں نظرثانی شدہ بجٹ تخمینوں کی منظوری دی گئی اور اہم مالی و انتظامی امور پر غور کیا گیا۔ سینڈیکیٹ نے سمسٹر بنیادوں پر کل وقتی، مخصوص ایڈجَنکٹ فیکلٹی کی تقرری کی پالیسی کی بھی منظوری دی، جس کا مقصد تدریسی عمل کو مؤثر بنانا اور صنعت و جامعہ کے درمیان روابط کو فروغ دینا ہے۔ دیگر ایجنڈا آئٹمز میں سابقہ اجلاس کی کارروائی کی توثیق، تعمیلی رپورٹس، وائس چانسلر کی پیشرفت رپورٹ، فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی اور سلیکشن بورڈ کی سفارشات، ایچ ای سی گائیڈ لائنز کو اپنانا، نامزدگیوں سے متعلق امور اور شعبہ جاتی تقرریاں بھی زیر غور آئیں۔