اسلام آباد (عاصم جاوید) شیر افضل مروت بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی جانب سے پارٹی کی چیئرمین شپ مانگنے کے دعوے پر ڈٹ گئے، حلفیہ بیان دینے کیلئے بھی تیار، دوسری جانب بیرسٹر گوہر نے شیر افضل مروت کو آئندہ عمران خان کی اہلیہ اور بہنوں کے بارے میں منفی ریمارکس دینے سے منع کر دیا۔ شیر افضل مروت نے ایک روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ علیمہ خان نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان سے پارٹی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے اور خود پارٹی کی چیئرمین پرسن بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، تاہم بیرسٹر گوہر نے شیر افضل مروت کے اس دعوے کو مسترد کر دیا تھا۔ پیر کو شیر افضل مروت نے چیئرمین تحریک انصاف کو ایکس اکاؤنٹ پر مخاطب کر کے لکھا کہ آپ کا انکار سنا اور اس کا احترام کرتا ہوں، میں ان لوگوں میں سے نہیں جو آپ کی ذات سے کوئی جھوٹی بات منسوب کریں یا آپ کی نیت پر شک کریں۔ میں آپ کی مجبوریوں، آپ کی پوزیشن اور اس وقت کے تقاضوں کو سمجھتا ہوں اس لئے آپ کے بیان پر اعتراض نہیں۔