• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عتیقہ اوڈھو سسرالیوں کی محبت یاد کر کے جذباتی ہو گئیں

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے تین دہائیوں سے زیادہ عرصے تک پاکستانی ٹی وی انڈسٹری میں اپنی جگہ بنائے رکھی ہے، حال ہی میں اپنے ایک جذباتی انٹرویو میں ماضی کے دکھوں کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔

 پی ٹی وی کے دور سے لے کر آج تک ہر دور میں مقبول رہنے والی عتیقہ ان دنوں ڈراموں کا تجزیہ کر رہی ہیں اور اسی دوران انہوں نے دستک نامی ڈرامے کے حوالے سے اپنی ذاتی زندگی کی کچھ تلخ اور خوبصورت یادیں شیئر کیں۔

عتیقہ اوڈھو نے بتایا کہ ’دستک‘ ایک طلاق یافتہ عورت کی کہانی ہے اور میں اسے صرف تجزیے کی وجہ سے نہیں بلکہ خود بھی بہت دلچسپی سے دیکھ رہی تھی کیونکہ یہ میری اپنی زندگی سے بہت قریب تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں خود بھی کم عمری میں طلاق یافتہ ہو چکی تھی اور اس کے بعد میں نے معاشرے کی سختی، تنقید اور ججمنٹ کا سامنا کیا۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے عتیقہ اُس وقت جذبات سے بھر گئیں جب انہوں نے اپنے سسر اور ساس کو یاد کیا۔

 انہوں نے روتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں دنیا سے جا چکے ہیں، لیکن وہ مجھے اور میرے بچوں کو دل سے قبول کرتے تھے، ان کا پیار میری زندگی کا قیمتی سرمایہ ہے۔

انہوں نے موجودہ شوہر سمر علی خان کے ساتھ اپنے خوبصورت تعلق اور ایک مربوط خاندان کی تشکیل پر بھی شکر ادا کیا۔

عتیقہ اوڈھو کے ان جذباتی لمحات نے سوشل میڈیا پر صارفین کو بھی متاثر کیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہ معاشرہ کبھی نہیں بدلے گا، آج بھی طلاق یافتہ عورت کو نشانے پر رکھا جاتا ہے۔

دوسرے نے کہا کہ آپ کے سسرالی واقعی عظیم لوگ تھے، جو آج بھی آپ کو یاد ہیں، یہی ان کی خوبی ہے، کسی نے لکھا کہ عتیقہ آپ کی باتیں دل کو لگیں، عورتیں واقعی طلاق کے بعد بہت کچھ جھیلتی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید