عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف نے خبردار کیا ہے کہ 2024 میں 14 ملین سے زیادہ بچے مکمل طور پر حفاظتی ٹیکوں سے محروم رہے۔
عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کی مشترکا رپورٹ کے مطابق بڑے پیمانے پر غلط معلومات اور بین الاقوامی امداد میں شدید کٹوتیوں سے بچوں میں ٹیکوں سے محرومی وسیع تر ہوتی جا رہی ہے، جس سے بچوں کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔
رپورٹ کے مطابق یورپ اور وسطی ایشیا میں بچپن میں ویکسینیشن کی اوسط شرح میں ایک فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔
2024 میں نائیجیریا، بھارت، سوڈان، جمہوریہ کانگو، ایتھوپیا، انڈونیشیا، یمن، افغانستان اور انگولا جیسے 9 ممالک میں دنیا کے نصف سے زیادہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے نہیں لگائے جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق 26 ممالک جہاں بچے غیر یقینی حالات، تنازعات یا انسانی بحرانوں کا سامنا کر رہے ہیں، وہاں بچوں کے غیر ویکسینیٹڈ ہونے کا امکان ان ممالک کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے جہاں حالات مستحکم ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق ویکسین ایک سال میں 35 لاکھ سے 50 لاکھ تک اموات کو روکنے کا کام کرتی ہے۔