• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری جامعات کیلئے ریکارڈ 42 ارب روپے مختص کئے، وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ نے موجودہ مالی سال میں سرکاری شعبے کی جامعات کے لیے 42ارب روپے مختص کیے ہیں جو تمام صوبوں میں سب سے زیادہ ہیں تاکہ ان جامعات کی عملی ضروریات، تحقیق، انفراسٹرکچر اور جدت کی حمایت کی جا سکے۔سید مراد علی شاہ نے این ای ڈی یونیورسٹی میں نئی تعمیر شدہ عمارتوں کی افتتاحی تقریب اور پیپلز انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام (پی آئی ٹی پی) کے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں کروم بکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنی حکومت کی اعلیٰ تعلیم، ڈیجیٹل بااختیاری اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔یہ تقریب این ای ڈی یونیورسٹی میں منعقد ہوئی جس میں سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع، سی آئی ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر سروش لودھی، آئی ٹی کے چیئرمین نور احمد سموں، سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز عباس بلوچ، مہران یونیورسٹی، سکھر آئی بی اے اور این ای ڈی کے وائس چانسلرز، سینئر فیکلٹی، پی آئی ٹی پی ٹیموں اور طلبہ نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے این ای ڈی یونیورسٹی میں دو بڑے انفرا اسٹرکچر منصوبوں کا افتتاح بھی کیا جن میں جدید تجربہ گاہوں سے لیس فوڈ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کی نئی عمارت شامل ہے جس پر 96.48 ملین روپے کی لاگت آئی ہے۔ 112 طلبہ کے لیے رہائش کی گنجائش والے انٹرنیشنل بوائز ہاسٹل کا بھی افتتاح کیا گیا۔اس کے علاوہ 52 طالبات کے لیے مخصوص گرلز ہاسٹل بلاک کو انجینئرنگ اور ٹیکنیکل تعلیم میں صنفی شمولیت کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم کے طور پر تسلیم کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پیپلز انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام ( پی آئی ٹی پی) کی کامیابی کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پروگرام این ای ڈی یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور سکھر آئی بی اے کے تعاون سے شروع کیا گیا۔
اہم خبریں سے مزید