اسلام آباد (اسرار خان) نیپرا کا بڑا اقدام، کے الیکٹرک کے ملٹی ایئر ٹیرف کا اعلان کردیا۔ بنیادی ٹیرف 6.15 روپے بڑھا کر 39.97 روپے فی یونٹ مقرر، 606.9 ارب آمدنی کی منظوری دے دی گئی۔ کے الیکٹرک کی مالی حالت شدید دباؤ کا شکار، 2023-24 میں بلوں کی وصولی 91.5 فیصد رہی۔ اگلے سال 90.5فیصد تک گرنے کا امکان ہے۔ آئندہ دو مالی سالوں کے دوران 97 ارب وصولی میں کمی ہو سکتی ہے۔ نیپرا نے اپنی خودمختاری کا جرات مندانہ مظاہرہ کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے لیے طویل عرصے سے زیر التوا ملٹی ایئر ٹیرف (2023 سے 2030 تک) کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، حالانکہ وفاقی حکومت کی جانب سے اس فیصلے پر نظرثانی کی درخواست زیر التوا ہے۔