اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ماضی کی ایک حکومت نے غیر ذمہ دارانہ بیان دے کر پی آئی اے کو اربوں کا نقصان پہنچایا، خیبر پختونخوا حکومت میں کرپشن اور نااہلی عروج پر ہے، شالیمار ریکارڈنگ کمپنی کی بحالی کیلئے بزنس پلان عدالت میں جمع کروایا جائیگا، کمپنی کے 300 سے زائد ملازمین کے روزگار کے تحفظ کیلئے ضروری ہے کہ کمپنی بحال ہو۔جمعہ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایس آر بی سی کمپنی کی بحالی کیلئے عدالت سے استدعا کرنے آئے تھے، عدالت میں اپنا موقف پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کے 300سے زیادہ ملازمین ہیں، ان کے روزگار کے تحفظ کے لئے ضروری ہے کہ کمپنی بحال ہو۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عدالت نے بزنس پلان جمع کروانے کے لئے احکامات جاری کئے ہیں، کمپنی کی بحالی کے لئے بزنس پلان جمع کروایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ملازمین کی تنخواہیں اکاؤنٹ میں آ چکی تھیں، عدالت نے لیکویڈیٹر کو ہدایت کی ہے کہ ایس آر بی سی کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سماعت قانون کے مطابق ہو رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ماضی کی ایک حکومت نے غیر ذمہ دارانہ بیان دے کر پی آئی اے کو اربوں کا نقصان پہنچایا، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہمارے دور میں پی آئی اے کی پروازیں یورپ اور برطانیہ کے لئے بحال ہوئی ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں نااہلی کی انتہا ہے، کرپشن، بد انتظامی عروج پر ہے، دریائے سوات میں یہ سیاحوں کو بچا نہیں سکے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کرپشن کے انبار لگے ہوئے ہیں۔