• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وزیر کی مخالفت، ایچ ای سی میں ڈائریکٹر جنرلز کی تقرری کے انٹرویوز جاری

کراچی(سید محمد عسکری) وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی واضح مخالفت کے باوجود ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اسلام آباد میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کی اہم آسامیوں کے لیے انٹرویوز کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ انٹرویوز اس وقت تیزی سے کیے جا رہے ہیں جب نہ صرف ایچ ای سی میں مستقل ایگزیکٹو ڈائریکٹر موجود نہیں بلکہ موجودہ چیئرمین ایچ ای سی کی توسیعی مدت بھی اگلے دس دنوں میں 29جولائی 2025کو مکمل ہونے جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ ان آسامیوں کے لیے انٹرویوز ابتدائی طور پر 12–13 جون 2025کو ہونا طے تھے، مگر وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی ہدایات پر مؤخر کر دیے گئے تھے۔ مؤخر کیے جانے کی وجہ وفاقی حکومت کی وہ پالیسی تھی جس کے مطابق کسی بھی سرکاری آسامی کے لیے بھرتی کا عمل اشتہار کی تاریخ سے 120دن کے اندر مکمل کیا جانا ضروری ہے۔ ڈی جی کی یہ آسامیاں 14 جولائی 2024 کو مشتہر کی گئی تھیں، اور اب ان کی معیاد ختم ہو چکی ہے۔ اس طرح اب ان آسامیوں پر انٹرویوز لینا وفاقی حکومت کی پالیسی کی صریح خلاف ورزی اور قانونی طور پر غیر آئینی عمل ہے۔ یہ پیش رفت اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں شفافیت اور قانون کی پاسداری سے متعلق سنگین سوالات کو جنم دے رہی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ایچ ای سی میں قیادت کی منتقلی کا عمل قریب ہے۔
اہم خبریں سے مزید