• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی کورم کی نشاندہی پر ملتوی

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے ہونے والا خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی کورم کی نشاندہی پر ملتوی کر دیا گیا۔

    کورم کی نشاندہی پی ٹی آئی کے رکن شیر علی آفریدی نے کی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔

    پیپلز پارٹی کے رکن احمد کنڈی نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حلف برداری اسمبلی ایجنڈے میں موجود ہے، حلف برداری آئین کے مطابق ہوتی ہے، اس کا ٹائم فریم دیا ہوتا ہے ۔

    جس پر اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کی تعداد 25 ہے ، کورم پورا نہیں ہے۔

    احمد کنڈی نے کہا کہ تلاوت سے پہلے کورم کی نشاندہی نہیں کی جا سکتی۔

    مسلم لیگ ن کی  رکن ثوبیہ شاہد نے کہا کہ تلاوت کے دوران کورم کی نشاندہی نہیں کر سکتے، آپ اسپیکر صاحب صحیح نہیں کر رہے، دو سالوں سے ہمیں حلف لینے نہیں دیا جارہا۔

    احمد کریم کنڈی نے کہا کہ کورم کی نشاندہی کر لیں، ہم ریکارڈ کا حصہ بنانا چاہتے ہیں کہ آئندہ نسل دیکھے کہ کس کا سیاہ کردار تھا، آئین کے خلاف کام کیا جا رہا۔

    جس پر  اسپکر بابر سلیم سواتی نے جواب دیا کہ کورم کی نشاندہی ہو چکی ہے۔

    سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اسمبلی اجلاس بلانے میں ٹال مٹول کی جا رہی تھی۔

    اس سے قبل اپوزیشن لیڈر کے پی اسمبلی ڈاکٹر عباد اللّٰہ نے میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسمبلی اجلاس میں اگر کورم کی نشاندہی کی گئی تو ہمارے پاس آپشن ہے،  حلف برداری ہو گی،   اگر نہیں ہوتی تو یہ پی ٹی آئی ہے کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

    ڈاکٹر عباد اللّٰہ کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن اور حکومت کا فارمولہ طے ہے، اگر آج یا کل حلف نہ لیا گیا تو عدالت جائیں گے۔

    دوسری جانب ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے پارلیمانی پارٹی اجلاس طلب کیا تھا۔

    قومی خبریں سے مزید