کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے اتوار کے روز بولٹن مارکیٹ میں کے ایم سی کی جانب سے بنائے گئے ورٹیکل پارکنگ ایریا کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان اور دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے، بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ شہر میں ہر نیا کام پیپلزپارٹی کے منشور کے تحت ہو رہا ہے،کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر اور ان کی ٹیم یہاں موجود ہے،یہ کام پہلے ہو جانا چاہئے تھا جو آج ہو رہا ہے،کسی بھی معیشت کو چلانے کے لیے فیصلہ سازی اہم ہے،شہید ذوالفقار علی بھٹو کا وژن تھا یہ شہر ترقی کرے، جب بولٹن مارکیٹ میں ورٹیکل پارکنگ بنانے کا فیصلہ ہوا تب شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت تھی اس کے بعد جنرل ضیاء کی حکومت آئی،جنرل ضیاء کے دور میں میئر نے فیصلہ کیا کہ ورٹیکل پارکنگ نہیں بن سکتی۔